Nazim's poetry

Nazim's poetry

Tuesday, December 3, 2013

" یہ محبت ھے "

ازل سے محبت ھے ماورا لفظوں کی مالا سے
مگر یہ بھی حقیقت ھے
محبت سوچ کے آکاش پر بادل کی صورت میں
سدا پرواز کرتی ھے
کبھی بارش کی بوندوں میں سمٹ کر دل کی دھرتی پر
اترتی ھے ..... بکھرتی ھے
ادا لے کر صبا سے یہ ، گلابوں سے مہک لے کر
دھنک سے رنگ لے کر اور ستاروں سے چمک لے کر
حسیں آنچل بناتی ھے
اسی آنچل سے پھر خوابوں کے کچے گھر بناتی ھے
محبت آزماتی ھے
کبھی یہ شعر بن کر لفظ کی حرمت بڑھاتی ھے
کبھی یہ ساز بن کر دھیرے دھیرے گنگناتی ھے
سراپا آنکھ بن جاتی ھے یہ محبوب کو پا کر
انوکھا لمس بن جاتی ھے کوئے یار میں جا کر
نا جانے کون سا منتر پڑھ کر ہولے ہولے سے
کسی کی بند پلکوں میں بنا دستک دیئے یکدم
اتر کر گھر بناتی ھے ..... محبت مسکراتی ھے
یہ خوشبو ھے ہمیشہ پھول کی سانسوں میں ہوتی ھے
بنا دے چاندنی جو تیرہ شبوں کو یہ ایسا موتی ھے
کسک ھے دائمی اس میں ، بہت بےنام لذت ھے
محبت کی یہی تعریف ھے کہ
" یہ محبت ھے "

No comments:

Post a Comment

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...